اسکالرشپس کیلئے اسکیم سرٹیفکٹ کی حد دو لاکھ کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد 29 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں طلباء کو فیس ری ایمبرسمنٹ و اسکالرشپس کے حصول کے لئے آمدنی کی حد کو (حصول آمدنی سرٹیفکٹ کیلئے) ایک لاکھ روپئے سے بڑھاکر دو لاکھ روپئے کرنے کا حکومت سے رکن اسمبلی تلگودیشم و قومی صدر بیاک ورڈ کلاسیس ویلفیر اسوسی ایشن مسٹر آر کرشنیا نے پرزور مطالبہ کیا اور بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے عوام کے لئے فوڈ سکیوریٹی کارڈ کے لئے آمدنی کی حد میں اضافہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مسٹر آر کرشنیا نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ایک مکتوب تحریر کیا اور بتایا کہ قرضوں کی منظوری کے لئے 60 ہزار روپئے اور پری میٹرک اسکالرشپ کے لئے 44 ہزار روپئے آمدنی کی حد ہے اور اتنی کم آمدنی کا صداقت نامہ جاری کرنے کے لئے متعلقہ تحصیلداران صاف طور پر انکار کررہے ہیں جس کی وجہ سے غریب طلباء مشکلات سے دوچار ہونے اور اپنی درخواستیں داخل کرنے سے محروم ہورہے ہیں لہذا اس انتہائی اہم مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنے اور آمدنی کی حد کو ایک لاکھ سے بڑھاکر دو لاکھ کرنے کیلئے فی الفور احکامات جاری کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا۔