ٹی ڈی ایل پی کا آج اجلاس ، مسٹر مدھو سدن چاری کو مکتوب روانہ کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی نے اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھوسدن چاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی ۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں 23 نومبر اتوار کو تلنگانہ تلگو دیشم مقننہ پارٹی فلور لیڈر مسٹر ای دیاکر راؤ نے اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر مدھوسدن چاری کو ایک مکتوب روانہ کریں گے ۔ جس میں بتایا جائے گا کہ ایوان میں مسٹر ریونت ریڈی کو اظہار خیال کا موقعہ نہیں دیا گیا ۔ اس کے علاوہ ایوان کی کارروائی کمیٹی ( بی اے سی میں ) اجلاس میں تلگودیشم پارٹی کے دو ارکان کو شرکت کا موقعہ فراہم کرنے کے مطالبہ پر مناسب و ہمدردانہ فیصلہ کرنے کی خواہش کی جائے گی اور ارکان اسمبلی کے حقوق کا تحفظ نہ کرنے پر اگر کوئی نقصان پہونچنے کی صورت میں اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا مسٹر ای دیاکر راؤ نے اپنا اظہار کیا ۔ اور بتایا کہ اسی مکتوب کو تلنگانہ ریاست برسر اقتدار ٹی آر ایس کے ساتھ ساتھ مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کے علاوہ بی جے پی ، مجلس ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی فلور لیڈرس کو بھی اپنا مکتوب روانہ کیا جائے گا ۔۔