مکتوب پر جھوٹ بیانی ، کانگریس ایم پی کے وی پی رامچندر راؤ کا بیان
حیدرآباد /5 ستمبر ( سیاست نیوز ) رکن پارلیمان آندھراپردیش کانگریس پارٹی مسٹر کے وی پی رامچندر راؤ نے اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کے طرز عمل پر سخت اعتراض کیا اور انہیں ( اسپیکر کو ) 26 سوالات پر مبنی ایک مکتوب تحریر کرکے روانہ کیا اور بتایا کہ اسپیکر نے ایک باوقار عہدے پر فائز رہتے ہوئے پولاورم پراجکٹ کے تعلق سے غلط اور جھوٹ پر مبنی اظہار خیال کر رہے ہیں ۔مسٹر کے وی پی رامچندر راؤ نے پولاورم پراجکٹ کی مکمل تفصیلات پر مبنی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کرکے حقائق سے واقف کروایا اور بتایا کہ ایک طرف اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ جھوٹ پر مبنی بیان بازی کر رہے ہیں تو دوسری طرف چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کا مضحکہ اڑایا اور کہا کہ درحقیقت پولاورم پراجکٹ کی منظوری حاصل کرنے کا اعزاز سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو ہی حاصل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پولاورم پراجکٹ کیلئے پی آر 2 حاصل نہیں کرسکے ۔ رکن پارلیمان نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر پولاورم پراجکٹ کے تعلق سے غلط بیانی سے کام لینے اور ریاستی عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔