اسپیکر اسمبلی کو اپنے حلقے کے مسائل پر توجہ دلانی پڑی

وقفہ سوالات کے دوران مدھوسدھن چاری کی مداخلت سے ارکان حیرت میں
حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج اس وقت عجیب منظر دیکھا گیا جب اسپیکر مدھوسدھن چاری کو اپنے مسائل کے سلسلہ میں وزیر آبکاری پدمارائو سے نمائندگی کرنی پڑی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران تاڑی تاسندوں اور گڑمبہ فروخت کرنے والوں کی بازآبادکاری سے متعلق سوال کے دوران اسپیکر نے ایک مرحلہ پر یہ کہتے ہوئے ایوان کو حیرت میں ڈال دیا کہ یہ میرے اسمبلی حلقہ کا بھی مسئلہ ہے اور میں چاہتا ہوں کہ وزیر آبکاری اس جانب توجہ دیں۔ عام طور پر ایوان میں کرسی صدارت کی جانب سے کسی مسئلہ پر توجہ دہانی یا مباحث میں حصہ لینے کی روایت نہیں ہے۔ مدھوسدھن چاری نے اسپیکر کی کرسی سے اپنے حلقہ بھوپال پلی میں گڑمبہ فروخت کرنے والوں کے مسائل کا حوالہ دیا۔ وزیر آبکاری پدمارائو نے جب دیگر ارکان کے سوالات کا جواب دیا۔ اس مرحلہ پر اسپیکر نے کہا کہ میرا بھی یہی مسئلہ ہے جس پر پدمارائو نے کہا کہ بھوپال پلی کے معاملات کی بھی جلد یکسوئی کی جائے گی ۔ بازآبادکاری کے سلسلہ میں جو درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان کی یکسوئی ہوگی۔ اسپیکر نے کہا کہ اس معاملہ میں میری ایک تجویز ہے۔ ریاست میں 10 ہزار سے زائد مواضعات میں گڑمبے کی تیاری اور کاروبار کا نظم ہے۔ حکومت کو اس کاروبار کو ختم کرنے کے لیے کم سے کم 50 ہزار افراد کی بازآبادکاری کرنی ہوگی۔ صرف 6 ہزار افراد کی بازآبادکاری کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں گڑمبے کی تیاری کو روکنا ہو تو 50 ہزار افراد کو دوسرے کاروبار سے منسلک کرنا ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے خواہش کی کہ وہ اس مسئلہ کا سنجیدگی سے نوٹ لیں۔ وزراء اور ارکان نے مدھوسدھن چاری کی اس تجویز کا خیرمقدم کیا۔ گزشتہ چار برسوں میں یہ پہلا موقع ہے جب اسپیکر نے کرسی صدارت سے کسی مسئلہ پر حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے۔