سی ایل پی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے کے خلاف نمائندگی
حیدرآباد۔27 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے غیر قانونی طریقہ سے ٹی آر ایس میں انضمام کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسپیکر سے اپیل کی کہ وہ بوگس سی ایل پی کو ٹی آر ایس میں ضم کرنے سے قبل کانگریس پارٹی کو نوٹس جاری کریں تاکہ وہ اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ دستور کے 10 ویں شیڈول کے تحت اسپیکر یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے اسپیکر سے درخواست کی کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے دی گئی نمائندگیوں پر فوری کارروائی کرتے ہوئے منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے اخباری اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کو ضم کرنے کی تیاری کرچکے ہیں۔ دستور ہند کے تحت اسپیکر کو کسی سیاسی جماعت کو ضم کرنے کا اختیار نہیں اور سپریم کورٹ نے کئی فیصلوں میں اس بات کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پی سی سی کی اجازت کے بغیر کوئی سی ایل پی میٹنگ نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ نااہل قرار دینے سے متعلق نمائندگی پر غور کیئے بغیر انہیں ضم نہیں کیا جاسکتا۔ دستور کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس کے کسی ریاستی یونٹ کو دوسری پارٹی میں انضمام کا حق نہیں ہے۔ کسی قومی جماعت کو علاقائی جماعت میں ضم نہیں کیا جاسکتا۔ اتم کمار ریڈی نے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہوری اقدار اور دستور کا تحفظ کرتے ہوئے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کریں۔