وائی ایس آر کانگریس تحریک سے دستبردار
حیدرآباد 27 مارچ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش میں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے اسپیکر کے شیوا پرساد راؤ کے خلاف پیش کردہ تحریک سے دستبرداری کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی فلور لیڈر پی وشنو کمار راجو نے اس تحریک سے دستبرداری کی تجویز پیش کی ہے ۔ بی جے پی برسر اقتدار تلگودیشم کی حلیف ہے ۔ اس صورتحال میں اسپیکر نے اعلان کیا کہ 4 اپریل کو اس تحریک پر غور کیلئے اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے انعقاد کی ضرورت نہیں ہے جس کا کل ایوان کی کاروباری مشاورتی کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا تھا ۔ آندھرا پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا 7 مارچ کو آغاز ہوا تھا جو آج اختتام کو پہونچا ۔ وائی ایس آر کانگریس نے اسپیکر کی بیدخلی کیلئے 19 مارچ کو ایک قرار داد پیش کی تھی جبکہ اس کے آٹھ ارکان اسمبلی کو تین دن کیلئے ایوان سے معطل کردیا گیا تھا ۔ اسپیکر نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے پر ان ارکان کو معطل کیا تھا ۔ اس وقت جگن نے الزام عائد کیا تھا کہ اسپیکر ‘اسمبلی میں غیر جانبدارانہ انداز میں کام نہیں کر رہے ہیں۔ جگن نے کہا کہ یہ حیرت انگیز عمل ہے اور اسکی کوئی نظیر نہیں ملتی کہ اسپیکر اسمبلی خود بحث میں ملوث ہوگئے ہیں اور انہوں نے قائد اپوزیشن کو ایک مخصوص موضوع پر بات کرنے سے روک دیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوڈیلا سیوا پرساد راؤ تلگودیشم کے رکن کے انداز میں بات کر رہے ہیں اور انہوں نے اسپیکر کے عہدہ کا وقار برقرار نہیں رکھا ہے ۔