اسپیکرکو کسی بھی قومی جماعت کو علاقائی پارٹی میں ضم کرنے کا اختیار نہیں

چیف منسٹر کے سی آر پر سازش رچنے کا الزام، آر سی کنٹیا انچارج تلنگانہ کانگریس کا بیان
حیدرآباد ۔28اپریل ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنٹیا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کانگریس لیجسلیچر پارٹی کو غیر قانونی طریقہ سے ٹی آر ایس میں ضم کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر کو انٹرمیڈیٹ طلبہ کی خودکشی کے واقعات کو روکنے سے زیادہ کانگریس ارکان کے انحراف کی فکر ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کنٹیا نے کہا کہ اسپیکر کو کسی قومی جماعت کو علاقائی جماعت میں ضم کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نتائج میں دھاندلیوں سے لاکھوں طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ لہذا حکومت خاطیوں کے خلاف کارروائی کیلئے تیار نہیں ہے ۔حکومت اور انٹر بورڈ کی نااہلی کے سبب 26طلبہ نے خودکشی کرلی لیکن حکومت کے کسی نمائندہ نے پسماندگان سے ملاقات تک نہیں کی ۔ کنٹیا نے کہا کہ اس معاملہ کی جانچ کیلئے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی نے بھی بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ۔ کمیٹی نے خانگی کمپنی گلوبل ایرنا کے رول پر بھی سوال اٹھائے ۔ پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری بی کشن اور کانگریس قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی خودکشی دراصل سرکاری قتل ہے اور چیف منسٹر کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس شاردا پیٹھادی پتی سے آشیرواد حاصل کرنے کیلئے وقت ہے لیکن خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں سے ملاقات کیلئے وقت نہیں ہے ۔ ہنمنت راؤ نے سوال کیا کہ حکومت کو آخر اس قدر غرور و تکبر کیوں ہے ۔ خودکشی کرنے والے طلبہ کو حکومت کی جانب سے ایکس گریشیا کی ادائیگی پر کوئی توجہ نہیں ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ انٹر نتائج کے مسئلہ پر صرف اجلاس منعقد نہ کریں ۔