ایک سال کے بجائے چھ ماہ مدت مقرر ، چیف سکریٹری راجیو شرما کے احکامات
حیدرآباد ۔23 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے عہدہ پر تقرر کے سابقہ احکامات میں ترمیم کی ہے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج جی او آر ٹی 77 جاری کرتے ہوئے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی حیثیت سے محمد جلال الدین اکبر آئی ایف ایس کنزرویٹر آف فاریسٹ کے تقرر کی میعاد 6 ماہ مقرر کی ہے۔ قبل ازیں 20 جون کو جاری کردہ جی او آر ٹی 73 میں اسپیشل آفیسر کی میعاد ایک سال مقرر کی گئی تھی۔ وقف قواعد کے مطابق اسپیشل آفیسر کا تقرر زیادہ سے زیادہ 6 ماہ کے عرصہ کیلئے کیا جاسکتا ہے۔ لہذا حکومت نے آج ترمیمی جی او جاری کیا ۔ واضح رہے کہ ایک سال کی مدت کیلئے جلال الدین اکبر کے تقرر کے احکامات کی اجرائی کے بعد جی او تنازعہ کا شکار ہوگیا تھا ۔ وقف بورڈ کی جانب سے اس سلسلہ میں وضاحت طلب کرنے کے بعد حکومت نے ترمیمی جی او جاری کیا۔ شیخ محمد اقبال آئی پی ایس جو کمشنر اقلیتی بہبود کے علاوہ اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے ، ان کی میعاد 18 جون تک مکمل ہوگئی اور اب وہ کمشنر اقلیتی بہبود کے عہدہ پر برقرار ہے۔