اسپورٹس اتھاریٹی سنٹر میں 4 لڑکیوں کا اقدام خودکشی

نئی دہلی؍ الیوزھا۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے سینئرس کی جانب سے مبینہ ہراسانی کے باعث چار نوجوان لڑکیوں نے خودکشی کی کوشش کی جس میں ایک نوجوان اتھلیٹ لڑکی فوت ہوگئی اور دیگر تین ساتھی اتھلیٹس موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ ان چار لڑکیوں نے زہر آلودہ میوہ کھایا تھا۔ بظاہر وہ خودکشی کرنا چاہتی تھی کیونکہ ان کے سینئرس انہیں ہراساں کررہے تھے۔ ایک اتھلیٹ 15 سالہ لڑکی فوت اور دیگر 3 واٹر اسپورٹس سنٹر آف ایس اے آئی الیوزھا میں زیرتربیت تھیں۔ اس واقعہ کے فوری بعد وزارت اسپورٹس نے حرکت میں آکر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزارت نے ایس اے آئی کے ڈائریکٹر جنرل اے سرینواس کو ہدایت دی کہ وہ فوری کیرالا پہونچیں اور برسرموقع حالات کا جائزہ لیں۔ وزیر اسپورٹس سربانندا سونوال نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے کیرالا میں ہوئے اس واقعہ کا گہرا صدمہ ہوا ہے۔ نوجوان لڑکی جو فوت ہوئی ہے، ایک ہونہار اور قابل اسپورٹس پرسن تھی۔ یہ ملک کا بھاری نقصان ہے۔ متوفی کے ارکان خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس غم زدہ خاندان کی ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔ اس لڑکی کے ساتھ خودکشی کرنے کی کوشش کرنے والی دیگر تین لڑکیاں زیرعلاج ہیں۔ میں ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتا ہوں۔ ان کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔ مقامی پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ اگر اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کا کوئی فرد اس واقعہ کا سبب ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان لڑکیوں نے کل سہ پہر 3 بجے ایک میوہ کھایا تھا۔ انہیں 7 بجے شام دواخانہ لے جایا گیا جہاں ایک لڑکی فوت ہوگئی۔