اسپائس جیٹ سنگین بحران سے دوچار

چینائی ۔ 8 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )بحران کا شکار اسپائس جیٹ نے جاریہ ماہ کے لئے ملک بھر میں 1800 سے زائد پروازیں منسوخ کردی ہیں، جس کے ساتھ ہی کفایتی ایرلائینس کیلئے مستقبل میں مشکلات کے واضح اشارے ملنے شروع ہوگئے ہیں۔ اسپائس جیٹ کلانیتھی مارن کی زیرقیادت سن گروپ کا ایک حصہ ہے ۔ اس نے اپنی ویب سائیٹ پر جاریہ ماہ 31 ڈسمبر تک 1861 پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا جن میں چند کھٹمنڈو (نیپال ) اور دیگر تمام ڈومیسٹک شہروں کو مربوط کرنے والی ہیں۔ اس میں آج کی مقررہ 81 پروازیں بھی شامل ہیں۔ بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی کا اعلان ایسے وقت کیا گیا جبکہ شہری ہوابازی کے ادارے ڈی جی سی اے اسپائس جیٹ کو اڈوانس بکنگ سے متعلق احکامات کی خلاف ورزی پر نوٹس وجہہ نمائی جاری کرنے کے سلسلے میں غور کررہی ہے ۔ اس اتھاریٹی نے ایرلائین کو کل سے ایک ماہ سے زائد اڈوانس بکنگ روک دینے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا بھی بقایہ جات کے سلسلے میں بینک ضمانت نہ دینے پر رقمی ادائیگی اور خدمات کی فراہمی اُصول کے اطلاق پر غور کررہی ہے ۔ اسپائس جیٹ تقریباً 200 کروڑ روپئے ایرپورٹ آپریٹرس کو ادا شدنی ہے ۔ اسپائس جیٹ کے حصص میں آج صبح 13 فیصد کی گراوٹ آئی اور بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخ کی اطلاع کے بعد صرافہ بازار میں یہ 4.39 فیصد کے خسارے 15.25 روپئے فی حصص پر ختم ہوا ۔