اسٹیل فیاکٹری کے مطالبہ پر 29 جون کو ’’ کڑپہ بند‘‘

بی جے پی سے مل کر آندھراپردیش کو دھوکہ دینے چندرا بابو پر سی پی آئی کا الزام
حیدرآباد /19 جون ( سیاست نیوز ) آندھراپردیش سی پی آئی کمیٹی سکریٹری مسٹر کے راما کرشنا نے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چار سال تک بی جے پی کے ساتھ رہ کر مسٹر نائیڈو نے آندھراپردیش کے ساتھ دھوکہ کیا ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی سکریٹری سی پی آئی نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے نیتی آیوگ اجلاس میں شرکت کرکے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کی جانے و الی ناانصافیوں کو بے نقاب کرنے کا اظہار کیا تھا ۔ لیکن دہلی میں منعقدہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں اپنا ا ظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے چپ سادہ لی ۔ بلکہ ہاتھ باندھے بیٹھے رہے ۔ مسٹر رام کرشنا نے کہا کہ کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے کے مطالبہ پر جاریہ ماہ 29 جون کو کڑپہ بند منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے کے مسئلہ پر بائیں بازو جماعتوں کے زیر اہتمام کل یعنی 20 جون کو وجئے وارہ میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔