حیدرآباد ۔29جون ( این ایس ایس ) تلنگانہ قانون سازکونسل کے حالیہ انتخابات کے موقع پر رونما ہونے والے نوٹ کے بدلے ووٹ اسکام میں تلگودیشم پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کو پھنساتے ہوئے اچانک شہرت پانے والے ریاستی اسمبلی کے نامزد اینگلو انڈین رکن ایلوس اسٹیفنسن کو آج زبردست دھکہ لگا ‘ جب ہائیکورٹ جج کی تبدیلی اور اسکام کے ایک ملزم جے متیا کے مقدمہ کی دوسری بنچ کو منتقلی کیلئے ان کی طرف سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا اور کہا کہ مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج غیر جانبدار ہیں اور ان کی یکسوئی و یکتائیپر کوئی شبہ نہیں کیا جاسکتا ۔ علاوہ ازیں اسٹیفنسن کو ایک اور دھکہ دیتے ہوئے عدالت العالیہ نے اسٹیفنسن کے خلاف تحقیر عدالت کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی کیونکہ بقول جج انہوں نے اس مسئلہ پر عدالت کو گمراہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ نوٹ کے بدلے ووٹ اسکینڈل میں جروسلم متیا بھی تلگودیشم رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی کے ساتھ ملزمین میں شامل تھے اور محکمہ انسداد رشوت ستانی ( اے سی بی ) کے ہاتھوں گرفتاری سے بچتے رہے تھے اور اچانک تحقیقاتی افسران کے منظور بن گئے تھے اور عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے حیرت انگیز طور پر اپیل کی تھی کہ ایف آئی آر سے ان کا نام خارج کردیا جائے نیز انہوں نے اپنی گرفتاری پر حکم التواء بھی طلب کیا تھا جس کے مطابق عدالت نے ان کی گرفتاری پر حکم التواء بھی جاری کردیا تھا ۔ جس کے بعد کئی شکوک و شبہات پیدا ہوگئے تھے ۔ اسٹیفنسن نے مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج کی تبدیلی کی درخواست کے ساتھ پیچیدگی میں اضافہ کردیاتھا ۔