اسٹنگ آپریشن تنازعہ : عام آدمی پارٹی کی عرضی پر 19 مارچ کو غور

نئی دہلی ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج 19 مارچ کی تاریخ مقرر کی کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) ارکان کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے جبکہ ہتک عزت کی ایک فوجداری شکایت ایک نیوز پورٹل کے سی ای او کیخلاف دائر ہے کہ ایک ’’من گھڑت‘‘ ویڈیو جاری کی گئی جس میں مبینہ طور پر دکھایا گیا کہ بعض پارٹی امیدواروں نے حالیہ اختتام پذیر اسمبلی چناؤ سے قبل غیرقانونی وسائل کے ذریعہ فنڈز قبول کئے ہیں۔ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ آکاش جین نے شکایت کنندگان عام آدمی پارٹی اور اس کے ممبر دنیش موہنیا کی درخواست پر سمن سے قبل کے ثبوت کیلئے اس معاملے کی سماعت مقرر کی ہے۔ دنیش نے اپنے الزامات ثابت کرنے کیلئے مزید وقت مانگا ہے کہ ملزمین نے جھوٹا اور توڑ مروڑ کر پیش کردہ ویڈیو کے ذریعہ انھیں بدنام کیا۔

رشید مسعود کے فرزند شادان سہارنپور سے ایس پی امیدوار
لکھنو ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نااہل قرار دیئے گئے راجیہ سبھا ایم پی رشید مسعود کے فرزند شادان مسعود کو آج سہارنپور پارلیمانی حلقہ سے سماجوادی پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا۔ ایس پی کے نیشنل جنرل سکریٹری اور ترجمان رام گوپال یادو نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ شادان کو عمران مسعود کی جگہ پارٹی کا امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ 66 سالہ رشید مسعود ایسے پہلے ایم پی بنے جو اپنی نشست سے محروم ہوگئے جبکہ سپریم کورٹ نے 21 اکٹوبر 2013ء کو سزایافتہ قانون ساز کو تحفظ کی گنجائش ختم کردی۔