شکایات پر 40 اسپتالوں کو نوٹس، مرکزی وزیر اننت کمار کی پریس کانفرنس
نئی دہلی،27اپریل(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے آج کہا کہ جن اسپتالوں نے امراض قلب کے علاج کے لئے لگائے گئے اسٹنٹ کی طے قیمت سے زیادہ پیسے لئے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے لائنسنس پر بھی پھر سے غور کیا جائے گا۔کھاد اور کیمیکل کے وزیر اننت کمار نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کچھ اسپتالوں کے خلاف مریضوں سے اسٹنٹ کی طے قیمت سے زیادہ چارجس وصول کرنے کی شکایت ملی ہیں اور ایسے تقریباً 40اسپتالوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔ان اسپتالوں نے اگر اطمینان بخش جواب نہیں دیا تو ان سے طے قیمت سے زیادہ لی گئی رقم سود سمیت وصول کی جائے گی۔اننت کمار نے کہا کہ پورے ملک میں اسٹنٹ دستیاب ہیں اور ان کی فراہمی مسلسل کی جارہی ہے ۔نیشنل فارما پرائسنگ اتھاریٹی(این پی پی اے ) اس پر باریکی سے نظر رکھ رہی ہے ۔این پی پی اے نے دل کے امراض کے علاج کے لئے لگائے جانے والے دو قسم کے اسٹنٹ کی قیمت7500 اور 30000روپے طے کی ہوئی ہے ۔کیمیکل کے وزیر نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں پانچ لاکھ لوگوں کو اسٹنٹ لگایا گیا تھا اور اس بار اس سے زیادہ لوگوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت غریبوں کو سستے علاج کے سہولت فراہم کرانے کے لئے پرعزم ہے اور ہر حال میں انہیں اس پالیسی کا فائدہ دلایا جائے گا۔