حیدرآباد۔23نومبر (آئی این این ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کا شہر میں چار لاکھ سے زائد اسٹریٹ لائٹس کی مؤثر دیکھ بھال کیلئے ’’ انرجی والینٹرس‘‘ کے تقرر کا منصوبہ ہے ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ اکثر یہ دیکھا جارہا ہے کہ دن کے اوقات میں بھی اسٹریٹ لائٹس بند نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے توانائی ضائع ہورہی ہے ۔ اسٹریٹ لائٹس کو بروقت کھولنے اور بند کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی نے ریسیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشن کے نمائندوں کے تقرر کا فیصلہ کیا ہے جو انرجی والینٹرس کا انتخاب کریں گے ۔ کمشنر نے آج سینئر عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔ اس وقت جی ایچ ایم سی حدود میں 4.05 لاکھ اسٹریٹ لائٹس ہیں اور تقریباً 24ہزار سوئچس کے علاوہ 2670ٹائمرس کے ذریعہ اس کا انتظام و انصرام کیا جاتا ہے ۔