اسنیک گینگ کیس :انسپکٹر و سب انسپکٹر معطل

مظلومین کی مدد کرنے میں لاپرواہی پر پولیس کمشنر کا اقدام
حیدرآباد 4 ستمبر (سیاست نیوز) پہاڑی شریف حدود کے سنسنی خیز اسنیک گینگ معاملہ میں لاپرواہی پولیس عہدیداروں کیلئے مہنگی ثابت ہوئی ۔ کمشنر پولیس نے شکایت حاصل ہونے کے بعد کارروائی میں تاخیر اور ٹال مٹول کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس وقت کے انسپکٹر اور سب انسپکٹر دونوں کو معطل کردیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل ہی اس وقت کے انسپکٹر پہاڑی شریف بھاسکر ریڈی اور سب انسپکٹر ویرا پرساد کو خدمات سے معطل کرتے ہوئے آج احکامات جاری کردیئے ۔ ان دونوں عہدیداروں پر لاپرواہی کے الزامات تھے ۔ اسنیک گینگ کے بے نقاب ہونے کے بعد پولیس یہ کہتے رہی تھی کہ اس بد نام زمانہ ٹولی کے خلاف شکایت کی کوئی مظلوم ہمت نہیں کرتا اور متاثر ظلم سہتے ہوئے مسئلہ پولیس سے رجوع کرنے میں خوف کا شکار تھے تاہم جب شکایت کی گئی تب خود پولیس کے ذمہ داری افسر لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے لگے ایسے میں عوامی اعتماد کو بحال کرنے اور پولیس کے کردار کو بہتر بنانے کیلئے کمشنر نے سمجھا جارہا ہے کہ اس طرح کا اقدام کیا اور دونوں عہدیداروں کو معطل کردیا۔ کمشنر پولیس سائبر آباد کے اس اقدام سے کمشنریٹ کے دوسرے عہدیدار بھی چوکس ہوگئے ہیں۔