اسمبلی کے روبرو کسان کی خودکشی کی کوشش

حیدرآباد /29 ستمبر (سیاست نیوز) اسمبلی کے روبرو ریڈیو کیبل پر چڑھ کر ایک کسان نے خودکشی کی کوشش کی، تاہم پولیس نے محفوظ طریقے سے اُتارکر اسے ہاسپٹل منتقل کردیا۔ تفصیلات کے بموجب حلقہ اسمبلی وردھنا پیٹ (ضلع ورنگل) کا متوطن سمہا نامی کسان نے اپنے ساتھ ایک بوتل لے کر ریڈیو ٹاور پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دی۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ ایک غریب کسان ہے، جس پر دو لاکھ روپئے کا قرض ہے۔ قرض کی معافی کے لئے وہ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری سے بات چیت کرچکا ہے اور ایک ہفتہ سے حیدرآباد میں مقیم ہے، لیکن چیف منسٹر اسے ملاقات کے لئے وقت نہیں دے رہے ہیں، جس کے بعد اس کے پاس خودکشی کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔ اس دوران پولیس نے حلقہ اسمبلی وردھنا پیٹ کے رکن اسمبلی سے اس کسان کی بات چیت کروائی، جب کہ اسمبلی لابی میں یہ مسئلہ موضوع بحث بن گیا۔ تلگودیشم رکن اسمبلی ای دیاکر راؤ نے بھی کسان کے بارے میں معلومات حاصل کی۔