حیدرآباد 8 ستمبر ( آئی این این ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈراکٹر شراون نے عوام کیلئے اقتدار قربان کردینے ٹی آر ایس سربراہ چندر شیکھر راؤ کے دعوی کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسمبلی انتخابات کو قبل از وقت منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس نے نہ صرف سرکاری خزانہ پر بوجھ عائد کیا ہے بلکہ تلنگانہ کی ترقی میں بڑی رکاوٹ پیدا کی ہے۔ لوک سبھا و اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت منعقد کرنے کے موقف میں تبدیلی کی وجہ پر سوال کرتے ہوئے انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ کے سی آر نے 6 جولائی کو ہی لا کمیشن کو مکتوب روانہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ایک ملک میں ایک وقت میں انتخابات ہونے چاہئیں۔ پھر اچانک ہی انہوں نے اپنے موقف میں تبدیلی لائی اور اسمبلی تحلیل کردی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اندرون دو ماہ موقف تبدیل کرلیا ۔ انہوں نے عوام کے مفادات پر سمجھوتہ کیا ہے ۔