15 ارکان اسمبلی اور 5 ارکان کونسل کی شرکت، ماہرین برقی سے تکنیکی معلومات کا حصول
حیدرآباد /6 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے ارکان اسمبلی و ارکان قانون ساز کونسل کے لئے ڈپٹی فلور لیڈر محمد علی شبیر نے اپنی قیامگاہ پر برقی بحران کے مسئلہ کو اسمبلی و کونسل میں اٹھانے کے لئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا، جس میں 15 ارکان اسمبلی اور 5 ارکان قانون ساز کونسل نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماہرین برقی نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعہ ارکان کو تکنیکی معلومات فراہم کی۔ ورکشاپ میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی، سابق وزراء ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، اتم کمار ریڈی، سابق ڈپٹی اسپیکر ملو بٹی وکرامارک اور دیگر نے شرکت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ برقی قلت پر اسمبلی اور کونسل میں بات کرنے کے لئے ماہرین نے نقصانات اور دیگر امور پر روشنی ڈالی، جو ارکان کے لئے کارآمد ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے اور اسمبلی و کونسل میں کانگریس پارٹی برقی بحران کو موضوع بحث بنائے گی۔ انھوں نے کہا کہ تقسیم ریاست کے بل میں آبادی کے لحاظ سے ہر چیز تقسیم کی گئی، تاہم تلنگانہ میں برقی مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے یو پی اے حکومت نے تلنگانہ کو 54 فیصد برقی مختص کی، اس کے باوجود ٹی آر ایس حکومت آندھرا پردیش سے برقی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی۔ انھوں نے کہا کہ صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو برقی سربراہی کے معاملے میں تلنگانہ کے ساتھ حق تلفی کر رہے ہیں، جس کو کانگریس پارٹی موضوع بحث بنائے گی۔