اسمبلی و کونسل اجلاس کے التواء کی مذمت

فلور لیڈرس کو اطلاع نہیں دی گئی ، جانا ریڈی اور محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے تمام فلور لیڈرس کو اطلاع دئیے بغیر اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کو ملتوی کردینے کی سخت مذمت کی ۔ قائدین اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) مسٹر محمد علی شبیر ( کونسل ) نے ایک مشترکہ صحافتی بیان میڈیا کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 30 اگست کو اسمبلی اور کونسل کی بزنس اڈوائزری کمیٹی ( بی اے سی ) کے اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے 20 ستمبر سے دونوں ایوانوں کا مانسون سیشن طلب کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ تاہم چیف منسٹر نے اپنے وعدے سے پھر ایکبار انحراف کیا ہے یہاں تک کہ انہوں نے خیر سگالی کے طور پر فلور لیڈرس کو اسمبلی و کونسل کے طئے شدہ شیڈول کو ملتوی کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا ۔ یہ قانون ساز اداروں کی بے عزتی کے مترادف ہے ملک کے کسی اور چیف منسٹر نے اس طرح کی حرکت نہیں کی ہے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو قانون اور جمہوریت کا کوئی خوف ہے نہ احترام ہے ۔ قانون ساز اداروں کی بے عزتی کرنا جمہوریت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ جی ایس ٹی بل منظور کرنے کے لیے 30 اگست کو طلب کردہ اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران ہم نے عام افراد کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں توسیع دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا تھا ۔ تب ہمیں بتایا گیا تھا عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے پیش نظر سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر اسمبلی کے اجلاس میں توسیع دینا ناممکن ہے ۔ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں 20 ستمبر سے 10 روزہ مانسون سیشن طلب کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر امور اسمبلی ہریش راؤ نے وعدہ کیا تھا ۔ وعدے سے انحراف کرتے ہوئے دسہرہ کے بعد دونوں ایوانوں کا مانسون سیشن طلب کرنے کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر اپوزیشن جماعتوں کا سامنا کرنے تیار نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کرنے کے معاملے میں راہ فرار احتیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوانوں میں کئی اہم مسائل بالخصوص زرعی بحران ، مہاراشٹرا سے کئے گئے آبی معاہدے سے دوسرے اضلاع پر پڑنے والے اثرات ایمسیٹ II پرچوں کے افشا ، گینگسٹر نعیم کا معاملہ ، بارش کے نقصانات بالخصوص سڑکوں کی خستہ حالت اور مرکزی فنڈز حاصل کرنے میں ناکامی وغیرہ یہ مباحث ہونا ضروری ہے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز نے گورنر نرسمہن اور اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری سے مطالبہ کیا کہ وہ ( بی اے سی ) اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب نہ کرنے کا سخت نوٹ لیں اور فوری اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کرنے کی چیف منسٹر کو ہدایت دیں ۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ گورنر اور اسپیکر اسمبلی جمہوریت کا احترام کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے ۔۔