15 مقامات پر 16 ہالس میں گنتی ، کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 14 مئی ۔ (سیاست نیوز) حیدرآباد میں سب سے کم وقت میں حلقہ اسمبلی چارمینار کا نتیجہ عوام کے سامنے آئے گا جب کہ سب سے زیادہ تاخیر حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے نتیجہ کیلئے ہوگی ۔ ضلع انتخابی عہدیدار و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے 16 مئی کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے انتظامات کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ انھوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چارمینار کے ووٹوں کی گنتی کیلئے 4:30 گھنٹے درکار ہوں گے جو تمام 15 حلقہ جات اسمبلی میں سب سے کم وقت میں تکمیل کو پہونچیں گے ۔ اسی طرح سب سے زیادہ وقت حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کیلئے درکار ہوگا جہاں پر 21 راؤنڈ ہوں گے اور اس کے لئے تقریباً 7 گھنٹے درکار ہوں گے ۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ 15 مقامات پر ووٹوں کی گنتی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
اسی طرح ان 15 مقامات پر پارلیمانی حلقہ جات حیدرآباد و سکندرآباد کے ووٹوں کی گنتی کیلئے علحدہ ہالس رکھے گئے ہیں۔ گنتی کے ٹیبل میں اضافہ کے ذریعہ ووٹوں کی گنتی کے وقت میں تخفیف کی کوشش کی گئی ہے ۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران کسی بھی طرح کی بے قاعدگی پر سختی سے نگاہ رکھنے کیلئے ہر ٹیبل پر مائیکرو آبزرور کو تعینات کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے 16 مئی کو گنتی کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ صبح 6:30 بجے امیدوار یا امیدواروں کے ایجنٹ کی موجودگی میں اسٹرانگ روم کھولے جائیں گے جہاں پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین محفوظ کئے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ابتداء میں صبح 8 بجے تا 8:30 بجے کے درمیان پوسٹل بیالٹ کی گنتی کی جائے گی جبکہ 8:30 بجے سے الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کی رائے شماری کا آغاز ہوگا ۔ رائے شماری کے کسی بھی مرکز پر ریٹرننگ آفیسر کے علاوہ چند عہدیداروں کے ماسوا کسی اور گاڑی کو اندر داخل ہونے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی ۔ ضلع انتخابی عہدیدار نے بتایا کہ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد کی مجموعی گنتی کا مرکز جہاں پر ریٹرننگ آفیسر موجود رہیں گے وہ کملا نہرو پالی ٹیکنیک کالج نمائش میدان ہوگا جبکہ حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد کی مجموعی رائے شماری کا مرکز کوٹلہ وجئے بھاسکر ریڈی اسٹیڈیم یوسف گوڑہ ہوگا جہاں پر سکندرآباد ریٹرننگ آفیسر موجود رہیں گے ۔
انھوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے رائے شماری کے پرنٹ نکالنے کیلئے 450 مشینیں فراہم کی گئیں اور ان کا استعمال خدشہ یا شبہ کی صورت میں ہوگا ۔ انھوں نے کہا کہ رائے شماری میں شفافیت برتنے کیلئے عہدیداروں اور عملہ کو خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔ مسٹر سومیش کمار کے بموجب ہر راؤنڈ کا نتیجہ اُس وقت تک اعلان نہیں کیا جائے گا جب تک رائے شماری کے مرکز پر موجود آبزرور کی منظوری حاصل نہیں ہوگی ۔ مسٹر سومیش کمار کے ہمراہ اس موقع پر مسٹر مکیش کمار مینا آئی اے ایس ضلع کلکٹر حیدرآباد و ریٹرننگ آفیسر حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے علاوہ مسٹر ای سریدھر ریٹرننگ آفیسر سکندرآباد حلقہ پارلیمنٹ و جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد مسٹر ایس ہری کرشنا ایڈیشنل کمشنر انتخابات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد و دیگر موجود تھے ۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ 16 مئی کو 15 مقامات پر جملہ 18 ہالس میں رائے شماری کا عمل انجام دیا جائیگا ۔ انھوں نے بتایا کہ ذرائع ابلاغ کے لئے بھی ضلع انتخابی عہدیدار کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ بروقت نتائج کو پیش کرنے میں سہولت ہوسکے۔