حیدرآباد۔23 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج 9 مختلف محکمہ جات کے مطالبات زر کو مباحث کے بعد منظوری دے دی گئی۔ محکمہ جات کمرشیل ٹیکسس، ریونیو رجسٹریشن بلدی نظم و نسق و شہری ترقی، پنچایت راج، دیہی ترقی، عمارات و شوارع، ٹرانسپورٹ، بڑی اور اوسط آبپاشی، چھوٹی آبپاشی، برقی اور ایکسائز کے مطالبات زر پر مباحث میں ٹی آر ایس، بی جے پی، تلگودیشم اور سی پی ایم ارکان نے حصہ لیا۔ ریاستی وزراء ہریش رائو ،کے ٹی راما رائو، جوپلی کرشنا رائو، مہیندر ریڈی اور پدما رائو نے مباحث کا جواب دیا اور حکومت کی جانب سے ان کی وزارت کو مختص کردہ بجٹ کی تائید کی۔ وزراء کے جواب کے بعد ڈپٹی اسپیکر پی دیویندر ریڈی نے اجلاس کو کل شنبہ تک ملتوی کردیا۔ حکومت تمام مطالبات زر پر مباحث کی خواہاں ہے ۔لہٰذا ہفتہ اور اتوار کو بھی اسمبلی اجلاس رکھا گیا ہے۔ پیر کو رام نومی کی تعطیل رہے گی۔