ایوان سے باہر جانے کے مشورہ پر ہنگامہ، کے سی آر نے فوری اپنا موقف بدل دیا
حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کانگریس ارکان کے رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارک کیا کہ اگر اسمبلی کی کارروائی میں دلچسپی نہ ہو تو وہ ایوان سے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے اس ریمارک اور برہمی پر کانگریس ارکان نے سخت احتجاج کیا اورکارروائی میں رکاوٹ پیدا کردی۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے چیف منسٹر کے اس ریمارک کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ اس سے کانگریس ارکان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے فوری اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے ارکان کو ایوان سے جانے کیلئے نہیں کہا بلکہ مشورہ دیا کہ اگر کسی مسئلہ پر حکومت سے اختلاف ہو تو احتجاج درج کرائیں اور نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ گڑبڑ اسوقت شروع ہوئی جب چائے کے وقفہ کے بعد ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر کانگریس ارکان نے زیرو اوور کے تحت موقع دینے کیلئے اصرار کیا۔ اس وقت وزیر فینانس ای راجندر بجٹ پر مباحث کے جواب کا آغاز کرچکے تھے۔ کانگریس ارکان کے مسلسل احتجاج پر چیف منسٹر نے مداخلت کی اور کہا کہ خود کو قومی جماعت قراردینے والی کانگریس پارٹی کے ارکان کا یہ طریقہ کار مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائیک حاصل کرنے کیلئے اسپیکر پر دباؤ مناسب نہیں۔ چیف منسٹر نے ریمارک کیا کہ کیا آپ کے کہنے پر مائیک دیا جائے اور کہنے پر کاٹ دیا جائے۔ اگر کانگریس کو ایوان کی کارروائی میں دلچسپی نہیں تو وہ احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے اس ریمارک پر کانگریسی ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کرنے لگے۔ برہمی کے عالم میں چیف منسٹر نے کانگریسی ارکان کو اشارہ سے ایوان سے چلے جانے کی ہدایت دی۔ وزیر اُمور مقننہ ہریش راؤ نے کہا کہ ایوان کی کارروائی کانگریس ارکان کی مرضی سے نہیں چلے گی۔ چیف منسٹر نے کانگریسی ارکان سے کہا کہ وہ زیرو اوور کے تحت کل دو عوامی مسائل کو پیش کریں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ وزیر فینانس نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے سبب کانگریس پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی جو احتجاج کے موقع پر ایوان میں موجود نہیں تھے بعد میں ایوان میں پہنچے اور چیف منسٹر کے ریمارک کو نامناسب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے چلے جاؤ کہنے سے کوئی جانے والا نہیں ہے اور مت جاؤ کہنے سے رکنے والا نہیں۔ چیف منسٹر کی وضاحت اور زیرو اوور کے تحت کل موقع دینے کے اسپیکر کے تیقن کے بعد جانا ریڈی نے کانگریسی ارکان کو احتجاج سے روک دیا۔