اسمبلی میں کارروائی کو پرسکون بنانے نئی حکمت عملی

خلل پیدا کرنے و ہنگامہ کرنے والے ارکان کو معطل کیا جاسکتا ہے ‘ حکومت بلز کی منظوری کیلئے کوشاں
حیدرآباد 19 مارچ ( این ایس ایس ) تلنگانہ اسمبلی میں امکان ہے کہ بہت جلد کام کاج معمول کے انداز میں بحال ہوجائیگا اور ایوان میں ہنگامہ اور گڑ بڑ کے واقعات کم ہوسکتے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اپوزیشن قائدین کی جانب سے ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کے واقعات بھی شائد پیش نہ آئیں۔ باخبر ذرائع کے بموجب جو ارکان ایوان کے وسط میں پہونچنے کی کوشش کرینگے یا ہنگامہ آرائی کرینگے انہیں نشانہ بناتے ہوئے ایوان سے نکال باہر کیا جائیگا ۔ ان حالات میں کانگریس کے ارکان کو جو اب ایوان میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ‘ مزید اس طرح کا رویہ اختیار کرنے کا موقع نہیں ملے گا ۔ امکان ہے کہ اسپیکر ایس مدھوسدن چاری ایوان میں گڑ بڑ کرنے والے ارکان کو ایک دن کیلئے یا پھر مابقی سشن کے ایام کیلئے ایوان سے معطل کرنے کا برسر موقع فیصلہ کرسکتے ہیں۔ وزیر پارلیمانی امور ٹی ہریش راؤ نے واضح کردیا ہے کہ برسر اقتدار جماعت کی جانب سے ایسے ارکا ن کو ایوان سے باہر کرنے میں پس و پیش سے کام نہیں لیا جائیگا جو ایوان کی کارروائی میں خلل پیدا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم وقت ضائع کرنے تیار نہیں ہیں کیونکہ ایوان میں کئی بلز اور بجٹ منظور کیا جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان کو شیڈول کے مطابق چلائیں گے اور ایک نئی روایت کا آغاز ہوگا ۔ ان کے ریمارکس ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جب تلگودیشم ارکان کو ایوان سے خارج کردیا گیا تھا ۔ اس مرتبہ برسر اقتدار جماعت اپوزیشن کو اسپیکر کے پوڈیم کے پاس پہونچ کر احتجاج کرنے یا ایوان کے وسط میں پہونچنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس ہنگامہ آرائی اور ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ سے تلنگانہ ریاست کے عوام تک غلط پیام جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ہریش راؤ نے کہا کہ علیحدہ ریاست کی جدوجہد میں ٹی آر ایس نے احتجاج کیا تھا اور اب سنہرے تلنگانہ کی تعمیر کیلئے ہم چاہتے ہیں کہ ایوان کی کارروائی پرسکون انداز میں چلائی جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایوان کی کارروائی اپوزیشن کے غیاب میں بھی جاری رہے گی ۔