حیدرآباد ۔ 11 جون ۔ (سیاست نیوز ) ریاستی اسمبلی میں آج ٹی آر ایس حکومت کے اقتدار کے دو مرکزی ارکان سب کی توجہ کا مرکز بن چکے تھے ۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ جو چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے علی الترتیب فرزند اور بھانجے ہیں کارروائی کے آغاز سے قبل عقبی حصہ میں انتہائی رازادانہ گفتگو کرتے دیکھے گئے ۔ یہ دونوں قائدین جو حکومت میں اقتدار کے مرکز کی حیثیت سے دیکھے جاتے ہیں، عقبی نشستوں پر انتہائی سنجیدگی کے ساتھ محو گفتگو تھے اور یہ سلسلہ تقریباً دس منٹ تک جاری رہا۔
اس دوران کسی بھی وزیر اور رکن کی مجال نہیں تھی کہ اُن کے قریب پہونچے اور گفتگو میں مخل ہو ۔ بعض ارکان ملاقات کیلئے اُن کے قریب پہونچنے کی کوشش کررہے تھے لیکن ان قائدین نے اشارہ سے اُنھیں روک دیا۔ اپوزیشن ارکان بھی دور سے ان دونوں قائدین کی گفتگو کا نظارہ کررہے تھے ۔ ایسا محسوس ہورہا تھاکہ جیسے دونوں قائدین حکومت سے متعلق کسی گمبھیر مسئلے پر بات چیت کررہے ہیں۔ جب گورنر کی آمد کا وقت قریب آگیا ، اُس وقت بھی کسی وزیر یا رکن اسمبلی نے اُنھیں توجہ دلانے کی ہمت نہیں کی بلکہ لیجسلیچر کے ایک عہدیدار نے قریب پہونچ کر گورنر کی آمد کی اطلاع دی ۔ اُس وقت ہریش راؤ جو وزیر اُمور مقننہ ہیں گورنر کے استقبال کے لئے روانہ ہوئے ۔