اسمبلی میں وقفہ سوالات
کریم نگر میں برنداون گارڈن
مہلوک ملازمین پولیس کو ایکس گریشیا
اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضے
ایس ٹی طبقہ کو12%تحفظات
حیدرآباد۔/18نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت کریم نگر میں لوور مانیر ڈیم کے قریب میسور کے برنداون گارڈن کی طرز پر ایک گارڈن کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اسمبلی میں جی کملاکر کے سوال پر تحریری جواب میں چیف منسٹر نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی خواہش پر مرکزی وزارت سیاحت نے جاریہ سال کیلئے ایک پراجکٹ تیار کیا ہے جس کے ذریعہ کریم نگر اور اس کے اطراف کے سیاحتی مراکز کو ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت 5کروڑ 2لاکھ روپئے پر مشتمل پراجکٹ رپورٹ حکومت ہند کو پیش کی گئی ہے اس کے تحت لوور مانیر ڈیم علاقے کو ترقی دینا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے فنڈز کی اجرائی کے بعد پراجکٹ کے کام کا آغاز ہوگا۔
٭٭ وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت ایسے پولیس ملازمین کے خاندانوں کو ایکس گریشیا کی رقم میں اضافہ پر غور کررہی ہے جن کی ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے موت واقع ہوئی۔ سی ایچ لکشما ریڈی اور دوسروں کے سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت سب انسپکٹر پولیس کے عہدہ کو گزیٹیڈ رتبہ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے پولیس عہدیداروں اور ملازمین کو تلنگانہ مڈل دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
٭٭ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعتراف کیا کہ تلنگانہ ریاست میں گزشتہ کئی برسوں کے دوران کروڑہا روپئے مالیتی ہزاروں ایکر اوقافی اراضی پر ناجائز قبضے کئے گئے ہیں۔ شکیل، ڈاکٹر لکشمن اور دوسروں کے سوال پر تحریری جواب میں چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت اوقافی اراضیات اور جائیدادوں کے تحفظ کیلئے خصوصی ٹریبونل کی تشکیل کا فیصلہ کرچکی ہے جسے جوڈیشیل اختیارات دیئے جائیں گے۔
٭٭ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت درج فہرست قبائیل کو 12فیصد تحفظات کی فراہمی کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کرنے کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ ٹرائیبل اڈوائزری کونسل تشکیل دیا گیا۔ حکومت تلنگانہ کمیشن فار شیڈولڈ ٹرائیبس کی تشکیل کے اقدامات کررہی ہے تاکہ اہم اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت کی رہنمائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد از جلد درج فہرست اقوام کو تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے۔