اسمبلی میں دو ریاستوں کیلئے ایک ہی چیمبر مختص کرنے پر تنازعہ

پارٹیوں کے چیمبرس الاٹمنٹ مسائل کا شکار، چیف وہپ بھی تذبذب میں مبتلا
حیدرآباد /18 جولائی (سیاست نیوز) اسمبلی میں ایک چیمبر دونوں ریاستوں کو فراہم کرنے پر تنازعہ پیدا ہو گیا۔ ریاست کی تقسیم کے بعد موجودہ اسمبلی تلنگانہ اور قدیم اسمبلی آندھرا کے لئے الاٹ کردی گئی اور دونوں اسمبلیوں میں دونوں ریاستوں کا پہلا اجلاس منعقد کیا گیا، تاہم اب پارٹیوں کے لئے چیمبرس کا الاٹمنٹ مسئلہ بن گیا۔ اسمبلی کے سکریٹری نے احکامات جاری کرتے ہوئے پارٹیوں کے لئے چیمبرس الاٹ کئے، یعنی تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی آفس گراؤنڈ فلور کو ٹی آر ایس کے لئے الاٹ کردیا گیا اور فرسٹ فلور پر موجود ٹی آر ایس آفس کو کانگریس کے لئے الاٹ کردیا گیا۔ ساتھ ہی جی I اور جی II رومس آندھرا پردیش کے گورنمنٹ چیف وہپ کے سرینواسلو کو الاٹ کیا گیا۔ علاوہ ازیں تلنگانہ کی تلگودیشم اور بی جے پی کے لئے اسمبلی کے اندر موجود رومس الاٹ کئے گئے ہیں، جب کہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے ڈپٹی اسپیکرس کے لئے ایک ہی چیمبر الاٹ کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہپ پربھاکر کو الاٹ کردہ چیمبر دوسری پارٹی کو الاٹ کرنے کے بھی احکامات جاری ہوئے ہیں۔