حسب روایت کسی مباحث کے بغیر راست منظوری سے گریز
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک پیش کردہ جملہ چار بجٹس میں اس بجٹ کے موقعہ پر پہلی مرتبہ تمام محکمہ جات کے مطالبات زر پر تفصیلی و طویل مباحث کیے گئے ۔ اس طرح زائد از 33 گھنٹے ( 36 ) تک ارکان نے تفصیل کے ساتھ مطالبات زر پر ہوئے مباحث میں حصہ لیا ۔ جب کہ سابق میں زیادہ تر مطالبات پر کسی مباحث کے بغیر مطالبات زر کو راست منظوری دے دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی ۔ ٹی آر ایس قائدین کے مطابق متحدہ آندھرا پردیش میں بھی اس طرح مطالبات زر پر تفصیلی مباحث کی کوئی نظیر نہیں ملے گی ۔ اسی دوران وزیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات زر پر تفصیلی مباحث میری اپنی زائد از 30 سالہ سیاسی زندگی میں پہلی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوامی توقعات کے مطابق ریاستی بجٹ پیش کرتے ہوئے بجٹ کے مطالبات زر پر بھی تفصیلی مباحث کا موقعہ فراہم کیا ۔ تاکہ ان مباحث کے ذریعہ عوام کو اس حقیقت کا اندازہ ہوسکے کہ تلنگانہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے ۔ علاوہ ازیں اسمبلی میں عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوص کر کے ان مسائل کی یکسوئی کے لیے حکومت موثر اقدامات کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے مطالبات زیر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کو پیش کردہ تجاویز پر ارکان اسمبلی وغیرہ سے اظہار تشکر کیا ۔