اسمبلی سیشن کا آج دوبارہ آغاز

حیدرآباد۔16 جنوری (آئی این این) آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ایک ہفتہ طویل سنکرانتی تعطیلات کے بعد کل دوبارہ شروع ہورہا ہے جس میں ریاستی تنظیم جدید بل 2013 پر مباحث ہوں گے۔ یہ سیشن 18 جنوری ہفتہ تک جاری رہے گا اور ذرائع نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر اتوار کو بھی اجلاس منعقد کیا جاسکتا ہے تاہم اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے تلنگانہ مسودہ بل پر اسمبلی کو اپنی رائے دینے کیلئے 23 جنوری تک کا وقت دیا ہے، تاہم چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی امکان ہے کہ مہلت میں مزید 10 دن کی توسیع کیلئے صدرجمہوریہ سے اپیل کریں گے۔ ارکان اسمبلی نے مسودہ تلنگانہ بل میں کئی ترمیمات کی تجویز پیش کی ہے، اس کے علاوہ سیما۔ آندھرا ارکان اسمبلی نے اس بل کے تمام استعاروں کی مخالفت کی ہے۔