119 حلقہ جات کیلئے ٹنڈرس کی طلبی ، وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤکا بیان
حیدرآباد ۔ /3 جنوری (آئی این این) وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے آج بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے تمام ارکان اسمبلی کے لئے ان کے متعلقہ حلقوں میں کیمپ آفس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں کیمپ آفسیس کی تعمیر کے لئے اس ماہ میں ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرکزی وزیرنتن گڈکری پیر کو تلنگانہ کا دورہ کریں گے ۔ وہ ضلع ورنگل کے بٹو نگرم میں گوداوری ندی پر تعمیر کئے گئے برج کا افتتاح کریں گے ۔ بعد ازاں مرکزی وزیر ورنگل ۔ یادگیری گٹہ روڈس کی فورلیننگ کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس تقریب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی اور سینئر عہدیدار بھی شرکت کریں گے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ مرکز سے ریاست میں مزید ہائی ویز کی منظوری کے لئے کہا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی ویز کی توسیع اور گوداوری ندی پر برج کی تعمیر سے چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا کے سفر کیلئے فاصلہ کم ہوگا ۔