l بوگس رائے دہندوں کو روکنے خصوصی اقدامات
l فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی سہولت
l ریاستی چیف الکٹورل آفیسر رجت کمار سے نمائندہ سیاست کی بات چیت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( خصوصی رپورٹ ) : الیکشن چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر رجت کمار نے آج کہا کہ تلنگانہ میں موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے چند اہم فیصلے کئے گئے ہیں ۔ جیسا کہ سال 2014 کے انتخابات میں ای وی ایم مشین کا استعمال کیا کیا گیا تھا ۔ اس مرتبہ بھی خصوصی نئے ای وی ایم مشین کا استعمال کیا جائے گا ۔ 25 ستمبر تک نئے ای وی ایم مشین یہاں آجائیں گے ۔ جسے ضلع آصف آباد میں رکھا جائے گا جہاں ضلعی عہدیدار خصوصا الیکشن آفیسران کی موجودگی میں جانچ پڑتال کی جائے گی ۔ مزید تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد قبل از انتخابات کے لیے بھی کم از کم 6 ماہ کا وقت درکار ہے ۔ اور اس دوران ہم کسی بھی انتخابی تواریخ کا اعلان کرسکتے ہیں تاہم چند اہم وجوہات کی وجہ سے انتخابی تواریخ کے اعلان میں تاخیر ہورہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ کی کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنے انتخابی منشور کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے ۔ جب تلنگانہ کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کریں گی تو اس کے بعد انتخابی تواریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں نام اندراج کروانے کے لیے ایک خصوصی ایپ تیار کیا جارہا ہے ۔ جس میں رائے دہندے بآسانی اپنی تفصیلات اندراج کراسکیں گے ۔ پولنگ بوتھ کی منتقلی پر جو عوام کو پریشانیاں ہوتی ہیں اسے دور کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر رجت کمار نے مزید بتایا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت آن لائن بھی کروائی جاسکتی ہے ۔ اس کے لیے www.nvsp.in ملاحظہ کرنے کا مشورہ دیا جس میں نام درج کروانے کے خواہاں شہریوں کے لیے خصوصی آپشنس موجود ہیں ۔ جاریہ ماہ کی 25 تاریخ تک یہ سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس کے لیے چار پاسپورٹ سائز فوٹوز ، برقی ، آبی بلز ، ایس ایس سی میمو ، آدھارکارڈ میں سے کوئی بھی دستاویز بطور ثبوت داخل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ استعمال کرنا ضروری ہے ۔ ووٹ کا حق استعمال نہ کرنے پر انہیں مردہ تصور کیا جاتا ہے ۔ جنوری 2018 میں جن کی عمر 18 سال مکمل کرلیے ہوں انہیں بھی اس سال ووٹر آئی ڈی کارڈ جاری کیا جارہا ہے ۔ لہذا جنہوں نے ابھی تک ووٹر آئی ڈی نہیں بنایا ہے وہ فورا بنالیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی چار ریاستوں راجستھان ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور میزورم کے ساتھ تلنگانہ میں بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔۔