بی جے پی رکن اسمبلی کا اشتعال انگیز ریمارک، پارٹی کا اظہار لاتعلقی
مظفر نگر ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک نیا تنازعہ چھیڑتے ہوئے بی جے پی رکن اسمبلی سریش رانا نے آج کہا ہے کہ کیرانہ، دیوبنداور مراد آباد میں کرفیو نافذ کردیا جائے گا ۔ اگر انہیں آئندہ ماہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں دوبارہ منتخب کرلیا گیا ۔ بی جے پی لیڈلار جوکہ 2013 ء میں مظفر نگر فسادات کے ملزم ہیں۔ ضلع شاملی میں تھانہ بھون حلقہ سے پارٹی کے امیدوار ہیں۔ اپنے حلقہ میں ہفتہ کے دن ایک اجتماع میں یہ ریمارکس کئے جس کے خلاف اپوزیشن نے شدید تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں اسمبلی انتخابات میں جیت گیا تو کیرانہ ، دیوبند اور مراد آباد میں کرفیو نافذ ہوجائے گا ۔ اس ریمارک پر تنازعہ کے بعد سریش رانا نے وضاحت کی ہے کہ ان کا یہ تبصرہ غیر سماجی عناصر اور غنڈوں کیلئے تھا جو کہ ریاست میں دہشت پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غنڈوں اور ڈاکوؤں کی دہشت سے خوفزدہ ہوکر مغڑبی اترپردیش سے کئی لوگ نقل مکانی کیلئے مجبور ہوگئے ہیں لیکن اترپردیش میں بی جے پی حکومت تشکیل دیگی تو غنڈوں میں دہشت کی لہر پیدا کردی جائے گی اور وہ ریاست کے باہر فرار ہونے پر مجبور ہوجائیں گی ۔ دریں اثناء سریش رانا کے ریمارک پر تنقید کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی لیڈر جوہی سنگھ نے کہا کہ وہ کرفیو نافذ کرنے کیلئے کونسا فتنہ کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ کیا انہیں یہ معلوم ہے کہ کن حالات میں کرفیو نافذ کیا جاتا ہے ۔ تاہم بی جے پی لیڈر ریٹا بہوگنا جوشی نے رکن اسمبلی کے ریمارکس سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور بتایا کہ اگر کوئی امیدوار غیر غلط کہتا ہے تو پارٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ مودی جی اور امیت شاہ نے بھی متنازعہ بیانات سے گریز کی ہدایت دی ہے لیکن مجھے یکہ نہیں معلوم ہے کہ کس پس منظر میں رانا نے مذکورہ بیان دیا ہے جبکہ ہماری پارٹی ترقی کے ایجنڈہ پر اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کر رہی ہے جبکہ اترپردیش پولیس نے انتخابی مہم کے دوران متنازعہ ریمارکس کرنے پر بی جے پی ایم ایل اے سریش رانا کے خلاف ایک کیس درج کرلیا ہے۔