اسمبلی انتخابات روکنے کیلئے کانگریس سپریم کورٹ سے رجوع

ریاستی وزیر سرینواس یادو کا الزام، ٹی آر ایس کی کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 20۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیاں ٹی سرینواس یادو نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی انتخابات سے خوفزدہ ہے اور وہ انتخابات روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوچکی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے بڑی تعداد میں ناموں کے اخراج کی شکایت لے کر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کانگریس پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے سے کس قدر خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور ہر اہل رائے دہندا اپنا نام شامل کرسکتا ہے۔ سرینواس یادو نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی زوال کا شکار ہے۔ اسی طرح تلنگانہ میں بھی کانگریس کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ الیکشن کمیشن کی مہم سے فائدہ اٹھاکر فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی جانچ کرلیں اور عدم شمولیت کی صورت میں اپنا نام شامل کرائیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ایک طرف اتم کمار ریڈی انتخابات کے لئے تیار ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن پارٹی کے دوسرے قائد ششی دھر ریڈی انتخابات روکنے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس کے 50 سالہ دور اقتدار میں تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا۔ اس کے برخلاف کے سی آر کے چار سالہ دور اقتدار میں تلنگانہ میں سنہری دور کا آغاز ہوا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں ہمیشہ برقی کا بحران رہا لیکن تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر حکومت نے نہ صرف برقی بحران پر قابو پالیا بلکہ ہر شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے شادی مبارک اور کلیان لکشمی جیسی اسکیمات کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 40,000 جائیدادوں پر تقررات عمل میں آئے ہے۔ مزید 57 ہزار جائیدادوں پر بھرتی کیلئے اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔ زرعی شعبہ کو خوشحال بنانے کیلئے رعیتو بندھو ، رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات شروع کی گئی ہے جس سے کسان خوش ہیں۔ انہوں نے امیت شاہ کی جانب سے ٹی آر ایس ۔ مجلس اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ امیت شاہ سیاسی فائدہ کیلئے الزام تراشی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والی پارٹی دراصل بی جے پی ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور عوام اسے مسترد کردیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف سروے میں ٹی آر ایس کو 100 سے زیادہ نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے تلگو دیشم ۔کانگریس اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس اتحاد کو عوام مسترد کردیں گے۔