تنظیمی انتخابات کی سرگرمیوں میں شدت ۔ 6 اپریل تک رکنیت سازی مہم مکمل کرلی جائیگی
حیدرآباد ۔ 28۔ مارچ (سیاست نیوز) اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے فوری بعد تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے یوم تاسیس کی تیاریوں اور تنظیمی انتخابات کی سرگرمیوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے یوم تاسیس تقاریب کے شایان شان انعقاد کی ہدایت دی ہے اور اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ 6 اپریل تک ریاست بھر میں پارٹی کی رکنیت سازی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ شہر اور اضلاع میں رکنیت سازی مہم میں عوامی نمائندوں کی شمولیت کے باعث کیڈر میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق پارٹی گزشتہ رکنیت سازی کے نشانہ کو عبور کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ تنظیمی انتخابات کے پروگرام کے مطابق 13 اور 14 اپر یل کو منڈل اور نگر پنچایت سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں آئے گی۔14 اپریل کو صدر پارٹی کے عہدہ کیلئے انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ 18 اپریل تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں اور 20 اپریل پرچہ جات واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ 21 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقہ کومپلی کے کنونشن سنٹر میں پلینری سیشن منعقد ہوگا جس میں صدر کا اعلان کیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس کی صدارت کیلئے چندر شیکھر راؤ کے دوبارہ انتخاب کا محض رسمی اعلان ہوگا۔ ریٹرننگ آفیسر کے طور پر سینئر قائد اور وزیر داخلہ این نرمسہا ریڈی کو مقرر کیا گیا ہے ۔ پلینری سیشن میں وزراء ارکان پارلیمنٹ اسمبلی و کونسل کے علاوہ کارپوریشن کے صدورنشین ، ضلع پریشد صدور نشین ، ضلع کوآپریٹیو بینک کے صدرنشین ، مارکیٹنگ کمیٹیوں کے صدورنشین ۔ گراندھالیہ سنستھا کے صدور نشین ، اسمبلی حلقوں کے انچارج مختلف شہروں کے میئرس ، کارپوریٹرس ، میونسپل چیرمین ، ایم پی پی ، زیڈ پی ٹی سی ، سنگل ونڈو چیرمنین اور دیگر کمیٹیوں کے ذمہ دار شرکت کریں گے ۔ 27 اپریل کو ورنگل میں یوم تاسیس کے ضمن میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا جس کے لئے پارٹی قائدین مزدوری کرتے ہوئے عطیات حاصل کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بھی شرمدان کرتے ہوئے عطیات وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم جلسہ عام اور عوام کو جمع کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ پارٹی کی رکنیت سازی اور جلسہ عام کے سلسلہ میں نگرانی کیلئے سینئر قائدین ، پروفیسر سرینواس ریڈی اور سبھاش ریڈی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ مختلف اضلاع کیلئے رکن کونسل گنگا دھر گوڑ ، پی سدرشن ریڈی ، پی راجیشور ریڈی ، نئی دہلی میں تلنگانہ کے نمائندے وینو گوپال چاری اور میئر حیدرآباد بی رام موہن کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔