اسمبلی اجلاس سے مسلسل غیر حاضری کے باوجود تمام مراعات سے استفادہ

جگن موہن ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان کے رویہ پر تنقید ، جلیل خاں
حیدرآباد ۔ /8 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین آندھراپردیش اسٹیٹ وقف بورڈ و رکن اسمبلی مسٹر جلیل خان نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ساتھ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی پر الزام عائد کیا کہ وہ تمام اسمبلی اجلاس میں حاضر ہوئے بغیر لاکھوں روپئے ماہانہ مقررہ تنخواہ و دیگر الاؤنسیس حاصل کررہے ہیں جو کہ کوئی مناسب بات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو اسمبلی اجلاس میں شرکت کئے بغیر ارکان اسمبلی کو کوئی تنخواہ یا دیگر الاونسیس وغیرہ حاصل نہیں کرنا چاہئیے ۔ مسٹر جلیل خان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی عوامی مسائل کو پیش کرکے ان کی یکسوئی کروانے کیلئے اسمبلی جیسے اہم پلیٹ فارم کا استعمال نہ کرکے ایک طویل عرصہ سے اسمبلی اجلاسوں سے غیر حاضر رہتے ہوئے حکومت پر تنقیدیں کرنا کوئی مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے بی جے پی ریاستی صدر مسٹر کے لکشمی نارائنا کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ ضلع کرنول میں اتفاقی طور پر پیش آئے حادثاتی واقعہ کو مسٹر لکشمن نارائنا قتل واقعہ قرار دیتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے کوشش کررہے ہیں جو کہ انتہائی مضحکہ خیز ہے ۔ مسٹر جلیل خان نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ زائد از چار سال کے دوران چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو انتہائی دیانتداری اور پرامن انداز میں حکومت چلارہے ہیں تو مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، پون کلیان اور بی جے پی قائدین کو دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی ، بی جے پی اور جنا سینا پارٹیاں حکومت پر غلط و بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں ۔ لہذا اپوزیشن جماعتوں کے طرز عمل پر نظر رکھتے ہوئے ریاستی عوام خود بہتر سبق سکھائیں گے ۔