تلنگانہ کے اہم مسائل پر تبادلہ خیال ‘ سرینواس یادو کی اسمبلی کی رکنیت بھی زیر گفتگو
حیدرآباد۔21ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ( کے سی آر ) نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون پہنچ کر ملاقات کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ایک گھنٹہ کی ملاقات کے دوران کے سی آر نے مقننہ کے طوفانی مانسون سیشن کے دوران اٹھائے جانے والے مسائل پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا ۔ اس ملاقات کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ مانسون سیشن طوفانی ہوگا ‘ جس میں کسانوں کی خودکشی‘ آبپاشی پراجکٹوں کے ڈیزائن میں تبدیلی اور حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات جیسے مسائل پر ایوان میں زبردست بحث ہوسکتی ہے ۔ مزید براں باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے وزیر کمرشیل ٹیکس ٹی سرینواس یادو بھی کے سی آر اور گورنر نرسمہن کی بات چیت کا ایک موضوع بنے رہے ۔ گورنر نے سرینواس یادو کی اسمبلی رکنیت اور کابینہ میں برقراری پر ناپسندیدگی اور برہمی کا اظہار کیا ۔ گورنر نے مبینہ طور پر چیف منسٹر سے کہا کہ سرینواس یادو کی حلف برداری سے قبل اسمبلی سے ان کے استعفیٰ کو بتاا گیا لیکن یہ مکتوب اسپیکر کے پاس زیر التواء ہے جس کو ہنوز منظور نہیں کیا گیا ہے ۔ یہ صورتحال ان ( گورنر) کیلئے باعث الجھن ہے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے گورنر کو اطمینان دلایا کہ سرینواس یادو کے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ یا کابینہ سے سبکدوشی کے ضمن میں جلد مناسب قدم اٹھایا جائے گا ۔ کے سی آر نے مانسون سیشن کے بعد اپنی کابینہ میں ردوبدل کا اشارہ بھی دیا ۔ ٹی آر ایس ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ مقننہ کے اجلاس کے بعد ٹی سرینواس یادو کی اسمبلی کی رکنیت اور کابینہ میں برقراری کے مسئلہ کو حل کرلیا جائے گا ۔