اسمارٹ فون کے بے تحاشہ استعمال سے دو خواتین جزوی طور پر اندھی

لندن ۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی دو خواتین نے یہ شکایت کی ہیکہ اندھیرے میں اپنے اسمارٹ فون چیک کرنے کے دوران وہ اپنی ایک آنکھ میں بصارت تقریباً 15 منٹ تک محروم ہوگئیں۔ ایک 22 سالہ خاتون کو اپنی دائیں آنکھ کی روشنی سے محروم ہونا پڑا جب وہ مسلسل اپنا سیل فون چیک کرتی رہی جبکہ اس کی بائیں آنکھ کی بصارت جوں کی توں رہی۔ البتہ دوسرے دن دونوں آنکھوں کی بصارت معمول کے مطابق ہوگئی۔ یہ ایک دوسرے معاملہ میں ایک 40 سالہ خاتون نے شکایت کی جب وہ نیند سے بیدار ہوئی تو اس کی ایک آنکھ کی بصارت غائب تھی جو تقریباً 15 منٹ تک غائب رہی۔ یہ واقعہ سورج طلوع ہونے سے قبل کا ہے۔ بہرحال یہی سلسلہ تقریباً 6 ماہ تک جاری رہا۔ رات میں سوتے وقت وہ اسمارٹ فون پر بہت زیادہ وقت گذارتی تھی اور صبح بیدار ہوتے ہی اس کی بصارت غائب ہوجاتی تھی۔ اس موقع پر مورفیلڈ آئی ہاسپٹل کے ڈاکٹر گوردن پلانٹ نے دونوں خواتین کے ایم آر آئی اسکانس اور قلب کے ٹسٹ کئے اور سب سے پہلے یہی سوال کیا کہ بصارت غائب ہونے سے قبل وہ کیا کررہی تھیں جس کا جواب ملتے ہی وہ سمجھ گئے کہ اسمارٹ فون کا حد سے زیادہ استعمال بصارت کیلئے نقصاندہ ہے۔