نئی دہلی ۔ 24 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اسمارٹ فونس دہشت گردوں کے لئے بہت ہی آسان آلۂ کار ثابت ہورہے ہیں اور اُنھیں عوام کی بھرتی کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے رابطہ کی کافی سہولت میسر ہورہی ہے ۔ قومی سلامتی کے مشیر شیوشنکر مینن نے آج ایک سمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ اس ٹکنالوجی کو مختلف گروپس اپنے مقاصد بشمول ہندوستان میں عام آدمی پارٹی احتجاجی مظاہروں کیلئے عوام کو جمع کرنے کے مقصد سے استعمال کررہے ہیں۔ بہار عرب کے دوران احتجاجی مظاہروں کے لئے بھی اسی ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گرد گروپس بھی اسی ٹکنالوجی (موبائلس یا اسمارٹ فونس ) رکروٹمنٹ ، رابطہ کے لئے استعمال کررہے ہیں تاہم بحیثیت ہتھیار اسے استعمال کرنے میں انھیں اب تک خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ فون آلات جھوٹ اور افواہوں کو پھیلانے کا آلۂ کار بھی بن رہے ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستان میں ایسا دیکھا جاچکا ہے کہ شمال مشرقی ہندوستان کے عوام کی کثیرتعداد افواہوں کے باعث جنوبی علاقوں کو چھوڑکر چلی گئی تھی ۔