اسمارٹ شہروں کی آئندہ بجٹ سے قبل شناخت : وینکیا نائیڈو

ممبئی 22 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت ان شہری علاقوں کی شناخت کا کام آئندہ سال بجٹ سے شروع کردیگی جنہیں اسمارٹ شہر کی طرز پر ترقی دی جانے والی ہے ۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں ریاستی حکومتوں ‘ مجالس مقامی اور دوسرے متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کا عمل پہلے ہی شروع کرچکی ہے جو اسمارٹ سٹی پراجیکٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کئی ریاستی حکومتوں سے بات چیت کی ہے اور انہیں اعتماد میں لیا ہے ۔ اب اسمارٹ سٹی پراجیکٹ کی دیگر تفصیلات کا تعین کیا جارہا ہے اور ماہ نومبر تک یہ عمل مکمل کرلیا جائیگا ۔ ایسے میں انہیں امیدہے کہ آئندہ سال بجٹ سے قبل ان علاقوں کی نشاندہی عمل میں آجائیگی جن کو اسمارٹ شہر کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2022 تک ملک میں 100 اسمارٹ شہر قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ وزارت فینانس کی جانب سے ان شہروں کو ترقی دینے کیلئے 7,060 کروڑ روپئے منظور کئے جاچکے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وہ مشاورت اور بات چیت کے عمل کو ماہ نومبر کے ختم تک مکمل کرلینا چاہتے ہیں اور اس کے اخراجات فینانس کمیٹی اور پھر کابینہ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد آئندہ سال کے اوائل سے اس پراجیکٹ پر ابتدائی کام شروع ہوجائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہر ریاست میں دو تا تین اسمارٹ شہر قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پراجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کیلئے تمام متعلقہ حکام بشمول ریاستی حکومتوں اور مجالس مقامی کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے ۔ اس کے بعد ہی پیشرفت ہوسکتی ہے ۔