اسمارٹ سٹیز پروگرام کیلئے بہتر اقدامات ، اے پی چیف سکریٹری کی ستائش

مرکزی کابینی سکریٹری پردیپ کمار سنہا کا اجلاس ، آئی وی آر کرشنا راؤ اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری آئی وائی آر کرشنا راؤ نے آج مرکزی کابینی سکریٹری پردیپ کمار سنہا کی جانب سے اسمارٹ سٹی مشن پر عمل درآمد پر تمام چیف سکریٹریز کے ساتھ طلب کئے گئے اجلاس میں شرکت کی ۔ حکومت ہند کے فلیگ شپ پروگرام ، اسمارٹ سٹی مشن نے اس پروگرام کو مرحلہ واری انداز میں روبہ عمل لانے کے لیے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے ملک بھر میں 98 شہروں کی نشاندہی کی ہے ۔ پردیپ کمار سنہا نے اسمارٹ سٹی پروگرام اور اس پر عمل درآمد کے لیے اقدامات پر اے پی چیف سکریٹری کی ستائش کی ۔ ماہرین کے ایک پیانل کی سفارشات پر ان شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ مرکزی کابینی سکریٹری نے کرشنا راؤ سے بات چیت کرتے ہوئے اس مشن کے تحت منتخب شہروں وشاکھا پٹنم اور کڑپہ پر ان کا ردعمل معلوم کیا ۔ اے پی چیف سکریٹری نے بتایا کہ حکومت آندھرا پردیش نے تین شہروں یعنی وشاکھا پٹنم ، کڑپہ اور تروپتی کے لیے پرپوزلس تیار کرنے کے لیے سخت کام کیا ۔ اسمارٹ سٹی مشن پروگرام کے تحت اے پی حکومت اس پر عمل درآمد کے لیے پوری طرح تیار ہے اور مرکز کے رہنمایانہ خطوط کا انتظار کررہی ہے ۔ کرشنا راو نے اسمارٹ سٹیز کے انتخاب میں ایک شفاف طریقہ کو اختیار کرنے پر مرکز کا شکریہ ادا کیا ۔ اسپیشل چیف سکریٹری ( پلاننگ ) ایس پی ٹھکر ، پرنسپال سکریٹری ایم اے اینڈ یو ڈی ، کریکالا ولاوین ، تروپتی میونسپل کمشنر ونئے چند نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا ۔۔