نئی دہلی ۔ 29 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ نے آج این ڈی اے حکومت کے فلیگ شپ 100 اسمارٹ شہروں کے پراجکٹ اور شہروں کے تعمیر نو مشن کو ایک لاکھ کرو ڑ روپئے کے منصوبہ مصارف کے ساتھ منظوری دیدی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اجلاس میں ملک گیر سطح پر بڑے شہروں کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے اسمارٹ سٹی مشن اور چھوٹے 500 شہروں کی تعمیر نو کیلئے اٹل مشن فار ریجیونیشن اینڈ اربن ٹرانسفارمیشن (AMRUT) کو بالترتیب 48,000 کروڑ اور 50,000 کروڑ کے منصوبہ مصارف سے منظور کرلیا گیا ہے۔ وزارت شہری ترقیات نے ایک صحافتی اعلامیہ میں یہ اطلاع دی ہے اور بتایا کہ اسمارٹ سٹیز دراصل جس کا مقصد ملک گیر سطح پر اہم شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا ہے اور اسکیم کے تحت منتخبہ ہر ایک شہر کو 5 سال تک ہر ایک سال 100 کروڑ روپئے مرکزی امداد دی جائے گی جبکہ جواہر لال نہرو نیشنل اربن رینیول مشن کا نام بدل کر سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی سے موسوم کیا گیا ہے اور اس کا نیا نام AMRUT رکھا گیا ہے جس کے تحت سال 2005-2012 کے دوران منظورہ تعم یراتی کاموں کی عدم تکمیل کی صورت میں مرکز کی جانب سے 50 فیصد مالی امداد فراہم کی جائے گی۔