اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا مسلمانوں کی توہین

حضور اکرم ﷺ نے امن و بھائی چارہ کا پیغام دیا ہے، دیوان درگاہ اجمیر کا بیان
اجمیر 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) درگاہ شریف اجمیر کے دیوان نے کہاکہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا مسلمانوں کی توہین ہے اور جو لوگ ایسا کررہے ہیں دراصل وہ اسلام کی تعلیمات سے واقف نہیں ہیں۔ درگاہ خواجہ غریب نوازؒ کے دیوان نے بقرعید کے موقع پر بیان میں کہاکہ اسلام ایک آفاقی امن کا مذہب ہے۔ دیوان زین العابدین علی خان نے کہاکہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے امن و بھائی چارہ کا پیام دیا ہے اور عوام کے درمیان فروغ بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کا درس دیا ہے۔ انھوں نے مسلمانوں سے کہاکہ موجودہ حالات میں غیر مسلموں کے سامنے اپنے مذہب کی درست تصویر پیش کریں اور یہ یقین دلائیں کہ اسلام اور دہشت گردی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں اور اگر کوئی اسلام کو دہشت رد مذہب قرار دیتا ہے تو وہ اپنی نفرت کا اظہار کررہا ہے۔ دیوان درگاہ اجمیر شریف نے مزید کہاکہ مسلمانوں کو اسلام کے اُصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ اسلام کی تعلیمات کو غیر مذہب والوں کے سامنے عام کرتے ہوئے اسلام کی حقانیت کو واضح کرنا چاہئے۔