اسلام پور طلبہ کی اموات پر ریمارکس ، ترنمول کانگریس کو آر ایس ایس کی قانونی نوٹس

کولکتہ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے مغربی بنگال کے دیناج پور ڈسٹرکٹ میں گزشتہ ماہ ایک جھڑپ میں دو طلباء کی موت کے پیچھے اس تنظیم کے کارفرما ہونے سے متعلق ترنمول کانگریس کے قائدین کے ریمارکس پر اس پارٹی کو ایک قانونی نوٹس بھیجی ہے۔ پولیس نے کہاکہ اسلام پور میں دری بھینا ہائی اسکول میں اُردو اور سنسکرت ٹیچرس کے تقررات پر 20 ستمبر کو اس کے خلاف احتجاج کرنے والے احتجاجیوں کی جب پولیس کے ساتھ جھڑپ ہوئی تو ایک کالج اسٹوڈنٹ تپاس برمن اور ایک آئی ٹی آئی اسٹوڈنٹ راجیش سرکار کی ہلاکت ہوگئی تھی۔ ٹی ایم سی قیادت نے الزام عائد کیاکہ یہ آر ایس ایس ۔ بی جے پی کی ایک سازش تھی اور ان ہلاکتوں کے پس پردہ وہ کارفرما تھے۔