اسلام میں کثیر زوجگی صرف اجازت ، لزوم نہیں: سپریم کورٹ

نئی دہلی 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) حالانکہ مسلمانوں کا پرسنل لاء اُنھیں 4 شادیوں کی اجازت دیتا ہے لیکن سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ اسلام کی مبادیات کے مطابق کثیر زوجگی کی صرف اجازت دی گئی ہے، لزوم عائد نہیں کیا گیا۔عدالت نے کہاکہ دستور کی دفعہ 25 صرف مذہب کے اختیار تمیزی کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اِس عقیدہ کے عوام کے عمل کو تحفظ فراہم نہیں کرتا۔ اُنھوں نے کہاکہ کثیر زوجگی اسلام کا اٹوٹ حصہ نہیں ہے اور صرف ایک ہی شادی کرنا ایک اصلاحی اقدام ہے جو دستور کی دفعہ 25 کے تحت مملکت کے دائرہ اختیار میں شامل ہے۔ جسٹس پی ایس ٹھاکر اور جسٹس اے کے گوئل پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے ایک سرکاری ملازم کی دوسری شادی کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔