اسلام میں علاقہ، رنگ و نسل اور برادری کی تفریق نہیں

مسلمانوں کو فرض منصبی ادا کرنے کا مشورہ، مینار گارڈن میں مولانا سید سلمان حسینی ندوی کا خطاب

حیدرآباد 6 اپریل (سیاست نیوز) مفکر اسلام فضیلۃ الشیخ حضرت سید سلمان حسینی نے کہاکہ رب کائنات نے نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کو رحمۃ اللعلمین بناکر مبعوث فرمایا۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اسلام کے آفاقی پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ اگر انھیں امریکہ میں انسانی وجود کا پتہ چل جاتا تو وہ امریکہ کو بھی تسخیر کرڈالتے۔ آج بنی نوع انسان کا ایک بڑا طبقہ اسلام کی حقانیت سے آگاہ ہے اور نہ ہی ذات مصطفوی صلی اللہ علیہ و سلم کے رحمۃ اللعلمین ہونے سے واقف ہے تو اس میں اس کا قصور نہیں بلکہ سراسر کوتاہی اور غفلت ہماری ہی ہے کہ ہم نے ربانی احکامات سے بنی آدم کو واقف کروانے کی اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے سے قاصر ہیں۔ حضرت سید سلمان حسینی ندوی کل شام چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ پر ایک اجلاس عام ’’اسلام کا پیغام انسانیت کے نام‘‘ سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری صدر سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد نے کی۔ جلسہ کا اہتمام وقف ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن اُپل حیدرآباد نے کیا تھا۔ کنوینر جناب حافظ سید عمر شفیع نے فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ دنیا کے کسی مذہب نے انسانی فلاح و بہبود کے لئے اتنی وضاحت کے ساتھ پیغام نہیں دیا ہے جتنا کہ اسلام نے دیا ہے۔ انسانی قدروں کی وضاحت، صراحت اور قوت کے ساتھ تشریح اسلام نے کی ہے۔

آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اس فرض منصبی کو ادا کرنے تمام دستیاب وسائل اور ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لائے اور اپنی کوتاہیوں اور تغافل کا ازالہ کرے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس عظیم ذمہ داری کو نبھانے کے بجائے مسلمان فرقوں، گروہوں اور مسلکوں میں بٹ گئے ہیں۔ قرآن مجید اور سیرت طیبہ کی بنیاد پر اسلام کے آفاقی پیغام کو جب دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا تو یقینا سسکتی انسانیت ہمارا استقبال کرے گی۔ اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ مسلمان کا پڑھا لکھا طبقہ، علماء، صحافی، وکلاء ، خطیب، مقرر اور مصنف پوری انسانیت کو موضوع بناکر رحمۃ اللعلمین کا تعارف دنیا کے سامنے پیش کریں۔ نہ ہی مزدور اور نہ ہی امراء محروم رہیں۔ سب کے گھر پر دلوں پر اور دماغوں پر دستک دی جائے اور جب ایسا ہوگا تو یقینا ملک و ملت کی قسمت بدل جائے گی۔ جب اُمت میں کوئی رسول آنے والا نہیں ہے اور علماء داعی، مبلغ، مصلح، مجدد اور دین کے علمبردار انبیاء کی نیابت کرتے ہوئے ساری انسانیت پر حجت پوری کردیں گے، رسالت کی امانت منتقل کردیں گے تو جو ڈھٹائی کے ساتھ جو نہیں مانے گا خالق کائنات اسے تہس نہس کردے گا۔ جلسہ سے پروفیسر راشد نسیم ندوی اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ مولانا مصدق القاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔