ٔ٭ سعودی عرب کے مفتی شیخ سعد بن ناصر کا مسجد نمرہ میں خطبہ حج
٭ امت مسلمہ کو متحد کرنے میں مسلم ممالک کے میڈیا سے اہم رول کی اپیل
٭ 20 لاکھ مسلمانوںکو وقوف عرفات کے ساتھ حج کی سعادت ‘ مزدلفہ میں قیام
میدان عرفات 31 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے مفتی شیخ سعد بن ناصر نے دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ امت مسلمہ کے طور پر متحد ہوں اور اپنی قومیت ‘ رنگ و نسل اور گروپ بندیوں سے بالاتر ہوجائیں ۔ مفتی شیخ سعد بن ناصر الشتری نے مسجد نمرہ میں اقطاع عالم سے آئے فرزندان توحید سے خطبہ حج دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زورد یا کہ وہ اپنی زندگیوں میں اسلام کی تعلیمات پر عمل آوری کریں اور گناہ سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ناانصافی سے گریز کریںا ور عوام کے حقوق چھیننے سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دہشت گردی ‘ تشدد اور خون خرابہ کی اجازت نہیں دیتا ہے ۔ دنیا بھر میں اسلام فوبیا کے ذریعہ جو تاثر پیش کیا جا رہا ہے وہ درست نہیں ہے ۔ شیخ ناصر نے مسلم دنیا کے ذرائع ابلاغ سے بھی کہا کہ وہ امت مسلمہ میں اتحاد پیدا کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں اور کہا کہ ذہنوں کا سکون اور چین صرف مذہب کے ذریعہ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ مفتی ناصر نے مسلمانوں کو تلقین کیا کہ وہ اپنے کردار کو بہتر بنائیں اور پیغمبر اسلام ﷺ کی تعلیمات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کشش کریں۔ انہوں نے فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے بھی دعا کی ۔ شیخ سعد بن ناصرالشتری نے کہا کہ تمام مسلمانوں پر لازم ہے شریعت کے احکامات پرپوری طرح عمل پیراہوں، زیادتی مسلمان کے ساتھ ہو یا غیر مسلم کے ساتھ اسلام میں منع ہے اور شریعت اسلامیہ نے والدین کی خدمت کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ شریعت اسلامیہ کی خوبصورتی ہے کہ زمین پر زندگی کومنظم کیا، اللہ نے قرآن میں اعلان کیا کہ حضوراکرم ﷺکو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات اچھے اخلاق کی بھی تعلیم دیتی ہیں، اللہ نے حضور اکرم ﷺکو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا، زکوٰۃ میں مال کا مخصوص حصہ فقرا کو صدقہ کرنا ہوتاہے ، اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ متقی بندے جنت میں داخل کیے جائیں گے ، نصیحت کرتاہوں کہ تقویٰ اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ تقویٰ کی بنیاد ہی توحید ہے ، اللہ نے وعدہ کیا، متقی بندے جنت میں جائیں گے ، توحید کا پیغام تمام انبیاء کی تعلیمات کا بنیادی رکن ہے ، تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں۔شیخ ناصرالشتری نے کہا کہ اسلام نے ہر قسم کے غبن اور سود کو حرام قرار دیا، والدین کی خدمت اور فرمانبرداری اولاد پرفرض ہے ، شریعت اسلامیہ کی خوبصورتی ہے کہ زمین پر زندگی، مالی اور معاشی نظام کو منظم کیا، اسلام نے برائی اور فحاشی کو حرام قرار دیا، اللہ نے فرمایا ایک دوسرے کا مال ناحق نہ کھاؤ، ایمان لانے اور نیک عمل کرنیوالوں کو زمین پر طاقت عطا ہوگی، کسی کو رنگ اور نسل کے لحاظ سے ایک دوسرے پر فوقیت نہیں، اسلام نے مسلم اور غیر مسلم کیساتھ زیادتی سے منع فرمایا ہے ۔ ہم پر لازم ہے شریعت کے احکامات پر پوری طرح عمل پیرا ہوں، مسلمان پر لازم ہے کہ ان حدود کی حفاظت کرے جو اللہ نے اس کیلئے کھینچ دیں۔
دنیا بھر سے تقریبا بیس لاکھ مسلمان اس سال سعادت حج سے مشرف ہو ئے ہیں۔ یہ لوگ میدان عرفات میں جمع تھے اور یہاں وہ حج کے رکن اعظم وقوف عرفات سے مشرف ہوئے ۔ حجاج کرام نے میدان عرفات میں نماز ظہر اور عصر مشترکہ طور پر ادا کی اور وہ غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوگئے جہاں وہ مغرب اور عشا کی نماز مشترکہ طور پر ادا کرینگے اور یہاں رات کھلے آسمان کے نیچے گذارینگے ۔ یہ لوگ کل 10 ذی الحجہ کی نماز فجر مزدلفہ میں ادا کریں گے اور پھر منی لوٹ آئیں گے ۔ یہاں وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کی تکمیل میں رمی جمار کرینگے ۔ شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام قربانی کریں گے اور اپنے بال نکالیں گے اور پھر احرام نکالیں گے ۔ میدان عرفات میں بیس لاکھ سے زائد فرزندان توحید آسمان سے آنکھیں لگائے ‘ دعا کیلئے ہاتھ اٹھائے ‘ آنکھ میں آنسو لئے جمع ہیںاور رب کائنات سے گناہوں کی معافی طلب کرنے میں مصروف تھے۔ وہ گناہوں سے بچنے کی توفیق طلب کر رہے تھے۔ یہاںجمع ہونے والے فرزندان توحید کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اللہ تبارک و تعالی اپنے رحم و کرم سے ان کے گناہوں کو معاف کریگا اور وہ کوشش کرینگے کہ آئندہ اپنی زندگیاں اللہ کی رضا سے گذارینگے اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کرینگے ۔