فیض عام ٹرسٹ کے استفادہ کنندہ طلبا و طالبات میں مومنٹوز کی تقسیم ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شہر کا مشہور و معروف خدمت خلق ادارہ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے بابو خاں اسٹیٹ کے اگرسین ہال میں ایسے طلباء وطالبات جو فیض عام ٹرسٹ سے منسلک ہو کر تعلیمی میدان میں اپنی قابلیت کا لوہا منواتے ہوئے ایس ایس سی ، انٹر میڈیٹ ، بی سی اے ، ایم بی بی ایس ، یونانی ، انجینئرنگ ، میڈیکل اور پیرا میڈیکل کورس میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرتے ہوئے ٹاپ کیا ۔ انہیں ’ اسٹار آف فیض عام ٹرسٹ ‘ قرار دیتے ہوئے مومنٹوز دئیے گئے ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ نے ٹرسٹ کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور کہا کہ 1983 کے اوائل اورنگ آباد میں جناب ذوالفقار حسین نے اس ادارہ کا قیام عمل میں لایا تب سے یہ ادارہ مسلسل معاشرہ کے غریب و متوسط طلباء وطالبات کو ہر لحاظ سے مدد کے لیے آگے ہے ۔ اس موقع پر جناب ذوالفقار حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے سماج و فلاحی ، تعلیمی کاموں کی سراہنا کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے تعلیم کے حصول کی بڑی اہمیت بتائی ہے ۔ اس کے باوجود مسلم طبقہ میں شعور بیدار نہیں ہوسکا ۔ اس لیے ٹرسٹ نے فیصلہ کیا کہ اس کا 80 فیصد خرچ ملت کے لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم پر کیا جائے ۔ انہوں نے مستقبل میں اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جو طلباء وطالبات ٹرسٹ کے ذریعہ اسٹار بنے ہیں وہ اپنی قابلیت و صلاحیت کو خدمت خلق کے تئیں کرنے کا عہد کریں ۔ جناب محمد یوسف انجینئر (امریکہ ) نے تعلیم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تعلیم سے بڑھ کر دنیا میں کوئی زیور نہیں ہے اور یہی تعلیم مشکلات و مسائل کو حل کرنے کا سبب بھی بنتی ہے ۔ پائیلٹ سلویٰ فاطمہ نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ زندگی بھر عزم مصمم اختیار کریں ۔ اسی سے منزل مقصود تک پہنچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرا خواب تھا کہ پائیلٹ بنوں جس کے لیے سخت محنت کی اور اس حسین خواب کو پورا کرنے کے لیے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی بھر پور توجہ کو میرے ہاں کوئی الفاظ نہیں ہے ۔ محترمہ شینہ جاوید ( کینڈا ) نے طلباء وطالبات پر زور دیا کہ ہمیشہ اپنے ذہنوں میں مثبت خیالات رکھیں اور اپنی خامیوں و کمزوریوں کے اظہار سے وہ اصلاح لے ۔ ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے خیر مقدم کیا کہ وقت اس بات کا متقاضی ہے کہ طلباء کے ذہنوں میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے ۔ اس موقع پر ہدیٰ سلطانہ بی سی اے ، عائشہ جبین ایم بی بی ایس سال دوم جنہوں نے اعلیٰ نشانات حاصل کیں ۔ کراٹے ماسٹر ثمرین فاطمہ ، ڈاکٹر تبسم فاطمہ بی یو ایم ایس ، ایم ڈی سال دوم ، حسن علی ایڈوکیٹ ، سیدہ شالیہ ، محمد حسینی ، سیدہ بدر فاطمہ ، امرین فاطمہ ، ڈائیلاسیس ٹکنیشن ثانیہ فاطمہ جنہوں نے انٹر سال اول میں 98 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ ثانیہ صدیقہ امریکہ فاران سرویس (AFS) ، نہامی انجم ، شیخ عبدالماجد ، ایم بی اے ، عائشہ جبین ، صبا فرحین ، عائشہ ، زینت خانم ، ثمرین فاطمہ ، نہاں فاطمہ ، ثانیہ فاطمہ ، سیدہ بدر فاطمہ ، ہدی سلطانہ ، ڈاکٹر تبسم فاطمہ ، انور سلام ، آمرین کوثر ، ثمرین جہاں اور دوسرے طلباء وطالبات کو معززین شہر کے ہاتھوں مومنٹوز دئیے گئے ۔ بعد ازاں محترمہ شینہ جاوید کی نگرانی میں طلباء وطالبات کے گروپ متعین کئے گئے اس گروپ میں تعلیم کے دوران جو رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں اس پر آپس میں اظہار خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر طلباء وطالبات میں جوش و خروش دیکھا گیا ۔ انہوں نے اپنے احساسات میں علم کی اہمیت ، فیض عام ٹرسٹ اور سیاست کے بھر پور تعاون پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ و دیگر سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ جناب سید عبدالقادر کی قرات اور علامہ اقبال کی دعا سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ معززین ، والدین ، طلباء وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ محترمہ سہیلا حیدر نے شکریہ ادا کیا ۔۔