کولکتہ 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جمیعۃ العلما ہند کے سکریٹری جنرل ایم اے مدنی نے آج کہا کہ اسلام دہشت گردی کی تائید نہیں کرتا اور مسلم نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ ملک کی ترقی میں مدد کرنے صحیح راستے کا انتخاب کریں۔ مسٹر مدنی نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں بلکہ ہمیں دہشت گرد قرار دینے والے دہشت گرد ہیں۔ اسلام دہشت گردی کی تائید نہیں کرتا ۔ وہ نوجوانوں پر زور دینا چاہتے ہیں کہ وہی ہمارے مستقبل کے امین ہیں۔ نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ بہتر تعلیم کا صیحیح راستہ اختیار کریں جس سے ملک کو ترقی میں مدد کی جاسکتی ہے ۔ نوجوان صحت پر توجہ دیں جس سے انہیں بہتر انداز میں سوچنے سمجھنے میں مدد ملے گی ۔ تنظیم کے مغربی بنگال کے جنرل سکریٹری صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دہشت گردی رک جائے اور اس کیلئے سبھی کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے کبھی بھی دہشت گردی کی تائید نہیں کی ہے اور کسی کو دہشت گردی کو مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی فرد کے غلط کام کیلئے پوری برادری کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اور سیاسی جماعتیں مغربی بنگال میں دہشت گردی کو فروغ پانے سے روکنے میں ناکام رہی ہیں۔