برلن ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے برلن میں رمضان المبارک کے موقع پر ایک افطار میں شرکت کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اس بات میں کوئی شک و شبہات نہیں ہیں کہ مذہب اسلام بھی جرمنی کا ایک حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ وفاقی انٹیگریشن رکن عیدان اوزوگوز کی میزبانی میں منعقدہ دعوت افطار میں پہلی بار انہوں نے شرکت کی جس میں سینئر عہدیداروں کے علاوہ مختلف مذاہب کے پیشواؤں کے علاوہ سیاسی اور سماج کے معزز شہریوں نے بھی شرکت کی۔ انجیلا مرکل نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جرمن میں اسلام کے تئیں بین مذہبی احترام ملحوظ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جرمن مسلمانوں کے ساتھ کسی بھی امتیازی سلوک کی وکالت نہیں کرتیں اور اگر کچھ مٹھی بھر مسلمان گمراہ ہوکر تشدد کی راہ اختیار کرلیتے ہیں تو اس کیلئے عالم اسلام کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔