اسلام آباد ’انتہائی خطرناک‘ شہر

اسلام آباد ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دارالحکومت کو ممنوعہ دہشت گرد گروپوں جیسے القاعدہ کے سلیپر سل کی موجودگی کے سبب وزارت داخلہ نے ’’انتہائی خطرناک‘‘ شہر قرار دے دیاہے، ایک رپورٹ نے آج یہ بات کہی۔ اس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ممنوعہ تنظیموں بشمول القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کے سلیپر سلس کی موجودگی کی وجہ سے بڑے جوکھم میں ہے۔ جیو ٹی وی کی اطلاع کے مطابق ممنوعہ تنظیمیں پاکستانی طالبان اور لشکر جھنگوی صوبہ پنجاب میں حقیقی خطرہ ہیں جبکہ ٹارگٹ کلرز، القاعدہ اور لشکر جھنگوی صوبہ سندھ کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کی رپورٹ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو پیش کی جائے گی۔

دارالحکومت کو حال میں لگ بھگ ایک ہفتے تک سخت چوکسی کے تحت رکھا گیا جبکہ راولپنڈی میں گزشتہ ماہ خودکش بم دھماکہ ہوا تھا۔ بھاری سکیورٹی چیکنگ متعارف کرائی گئی جبکہ یہاں واقع تمام سفارت خانوں اور ہائی کمیشنس کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ ایمبیسیوں نے یہاں اپنے شہریوں کو دارالحکومت کے متعدد مقامات پر جانے سے گریز کرنے کا انتباہ دیا۔ سفارتی ذرائع نے کہا تھا کہ اس قسم کا الرٹ کئی سال بعد جاری کیا گیا۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران اسلام آباد پولیس نے یہاں متعدد سلیپر سلس کا پتہ چلانے کے علاوہ بڑی مقدار میں دھماکو مادوں اور اسلحہ کی ضبطی کا دعویٰ کیا ہے۔ نصیر الدین حقانی جو افغانستان میں امریکہ زیر قیادت فورسیس سے لڑنے والے نہایت خطرناک گروپوں میں شامل حقانی عسکری نٹ ورک کا چیف فینانسر تھا، اسے گزشتہ سال نومبر میں پاکستانی دارالحکومت میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ وہ سمجھا جاتا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں طویل عرصے سے اڈہ جمائے بیٹھا تھا۔